آپ کا سسرال … اور میکہ: Aapka Susra; Aur Maika

 آپ کا سسرال … اور میکہ:

بہو نہ جانے کیوں یہ سوچ لیتی ہے کہ ساس جب بھی اس کے میکے والوں کا تذکرہ کرے گی تو ان کی ہتک ہی کرے گی ۔ چنانچہ سسرال میں میکے والوں کی طرف سے مقابلے کی ذمہ داری بہو اپنے ذمہ لے لیتی ہے ‘ جہاں کسی نے کوئی بات کی بہو نے ان سے لڑائی لے لی ۔

سوال یہ ہے کہ اگر آپ کے میکے والوں میں کوئی خرابی نہیں ہے تو پھر آپ چڑتی کیوں ہیں ؟

سوچنے کی بات یہ ہے کہ ان کی زبان پر آپ کے میکے والوں کا جو تذکرہ آیا ہے اگر وہ محض تذکرہ ہی تھا تو آپ نے بلا وجہ تعلقات خراب کر دیئے ، اور اگر یہ برائی کرنے کا بہانہ تھا تو آپ نے اپنی زبان کو کھولنے کی وجہ سے ایک اور خرابی کا اضافہ کردیا ۔

اگر آپ اس بات کا اظہار کرتیں کہ آپ کی ہمدردیاں سسرال والوں کے ساتھ ہیں تو شاید آپ ان کی محبت حاصل کرسکتیں۔

ادھر اکثر دلہنیں اس بات میں بڑی شان محسوس کرتی ہیں کہ جب کبھی سسرال والوں کے درمیان بیٹھیں تو اپنے میکے والوں کی بڑائی بیان کریں اور اس بڑائی میں عموماً زمین آسمان کے قلابے ملا دیئے جاتے ہیں ، بڑھ بڑھ کر کیئے ہوئے تذکرے اگر کسی کو برے لگ گئے تو رنجشوں کا ایک نیا باب کھل جائے گا ۔

ذرا سوچیئے تو سہی! اس طرح کی شان و شوکت سے کیا حاصل ہوا؟ سوائے جھگڑے اور فساد کے کچھ بھی نہیں ،مانا کہ آپ کے میکے والوں میں بہت سی خوبیاں ہیں لیکن …

’’مشک تو وہی ہے جو خود اپنی خوشبو بکھیرے ‘اس خوشبو کا کیا فائدہ کہ جسے عطار اعلان کر کر کے متعارف کروائے ‘‘

آپ کے میکے والوں کی خوبیاں توخود عیاں ہوکر رہیں گی ، اس کے لئے آپ کو لن ترانی کی کیا ضرورت ہے ۔


Post a Comment

Previous Post Next Post